ملکی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں، آرمی چیف


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے اپنے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ مشقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا، اس دوران انہوں نے ٹینک، انفنٹری، آرٹلری ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا مشاہدہ کیا۔

کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ’شمشیرِ صحرا‘ مشقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری ہے۔ مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، جبکہ الیکٹرانک وار فیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔