“ہینڈسم شخص ملنے پر سابق بوائے فرینڈ سے بریک اپ کرلیا تھا”


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ میں ‘بیبو’ کے نام سے مشہور معروف اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ہینڈسم شخص ملنے پر اپنے سابق بوائے فرینڈ سے بریک اپ کرلیا تھا۔
حال ہی میں کرینہ کپور نے بالی ووڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کے چیٹ شو ’نو فلٹر نیہا‘ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر کُھل کر بات چیت کی۔
کرینہ کپور نے اپنے کیریئر کی بہترین فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب وی میٹ‘ ایک بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی تھی اور اس فلم نے میری توقع سے زیادہ بزنس کیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ فلم ’جب وی میٹ‘ کے بعد، میں نے فلم ’ٹَشن‘ کی تھی، اس فلم کی کاسٹ بہترین تھی اور مجھے پوری اُمید تھی کہ یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوگی کیونکہ میں نے اس فلم کے لیے سخت محنت کی تھی لیکن بدقسمتی سے یہ فلم سُپر ہٹ ہونے میں ناکام رہی۔
اُنہوں نے کہا کہ فلم ’ٹَشن‘ نے میری زندگی بدل کر رکھ دی تھی کیونکہ اس فلم کی وجہ سے ہی مجھے سیف علی خان ملے تھے اور فلم میں ساتھ کام کرنے کے بعد ہی ہم دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
شو کے ایک سیگمنٹ ‘گلٹی یا ناٹ گلٹی’ میں نیہا دھوپیا نے کرینہ کپور سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی زیادہ معاوضے کی وجہ سے کسی خراب اسکرپٹ کے لیے ہاں کہا ہے؟
اس سوال کے جواب میں کرینہ کپور نے فوراً ہاں کہا، اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ساتھی اداکار کی وجہ سے کسی فلم کو مسترد نہیں کیا۔
نیہا دھوپیا نے کرینہ کپور سے ایک اور سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی کسی ہینڈسم (پُرکشش) شخص کے لیے اپنے سابق بوائے فرینڈ کو چھوڑا ہے؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے پہلے تو کرینہ کپور نے اِدھر اُدھر دیکھنا شروع کیا اور پھر جواب میں ہاں کہا۔
واضح رہے کہ ماضی میں کرینہ کپور اور شاہد کپور کے درمیان ایک لمبے عرصے گہری دوستی قائم رہی تھی جس کے باعث وہ خوب خبروں کی زینت بھی بنے رہے تھے لیکن اب دونوں اداکار ہی الگ الگ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔
کرینہ کپور نے سیف علی خان سے شادی کرلی تھی جبکہ شاہد کپور نے بھی زندگی میں آگے بڑھتے ہوئے میرا راجپوت سے شادی کرلی تھی۔