تعلیم یافتہ نوجوانوں نے پی ٹی آئی، ناخواندہ طبقے نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا: سروے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گیلپ پاکستان کے ایگزٹ پول سروے میں انکشاف ہو ا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تعلیم یافتہ نوجوانوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔
گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے کے مطابق تعلیم یافتہ نوجوانوں میں تحریک انصاف جبکہ ناخواندہ اور مڈل پاس ووٹر ز میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو زیادہ حمایت ملی۔
پی ٹی آئی کے 41 فیصد ووٹرز میں 18سے 24 سال کے ہائی اسکول یا اس سے زیادہ تعلیم یافتہ نوجوان شامل ہیں جبکہ ن لیگ کو اس طبقے کے 21 فیصد نے ووٹ دیا۔
سروے کے مطابق بیچلرز اور ماسٹرز ڈگری رکھنے والوں میں 35فیصد پی ٹی آئی کے ووٹر ، ن لیگ کو 15فیصد اور 10فیصد نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا کہا۔
ادھر ناخواندہ افراد میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک زیادہ نظر آیا، 29 فیصد نے ن لیگ اور 23 فیصد نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا جبکہ پی ٹی آئی 21 فیصد ناخواندہ افراد کا ووٹ حاصل کر سکی۔
سروے کے مطابق مڈل پاس افراد میں 31 فیصد ووٹرز ن لیگ کے ساتھ جبکہ 26 فیصد نے پی ٹی آئی اور 15فیصد نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔