ایف بی آر میں اصلاحات کیلیے بل گیٹس فاؤنڈیشن سے مالی مدد لینے پر غور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت فعال ٹیکس دہندگان کی تعداد میں مسلسل کمی کی وجہ سے ایف بی آر کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن سے مالی مدد لینے پر غور کر رہی ہے۔
ایف بی آڑ کی جانب سے جارہ کردہ فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست کے مطابق فعال ٹیکس دہندگان کی تعداد کم ہوکر 3.4 ملین رہ گئی ہے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد کم ہے، گزشتہ سال فعال ٹیکس دہندگان کی تعداد 5.7 ملین تھی، فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے پر تقریبا 5 لاکھ افراد کے نام خارج کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق نامزد وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے جمعے کو سرکاری حکام کے ساتھ اپنا پہلا اجلاس کیا، جس میں ٹیکس بیس کو بڑھانے کیلیے ٹیکس مشینری کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں کارانداز پاکستان نے بھی شرکت کی جو مختلف کمپنیوں کو بیرونی ڈونرز کی مدد سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ کارانداز پاکستان ایف بی آر کی ٹیکس مشینری کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن سے مالی مدد کے حصول کیلیے رابطہ کرے گی۔علاوہ ازیں تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنخواہ دار طبقے نے رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران سب سے زیادہ 217 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرایا ہے، جو کہ امیر ایکسپورٹرز اور ریئل اسٹیٹ پلیئرز کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔