بیجنگ(قدرت روزنامہ) چین کے صدر شی جنپنگ نے آصف علی زرداری کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے . چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے پیغام میں صدر شی جنپنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی تعلقات مثالی اور آہنی ہیں .
چینی رہنما نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور روایتی دوستی کو آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں . پاکستان کی وسیع تر ترقی کے لیے صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں .
چینی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں قریبی تعلقات کو برقرار رکھا اور اپنے اپنے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی .
صدر شی جنپنگ نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے خطے کی ترقی کے لیے مزید کام کیا ہے .
صدر شی جنپنگ نے کہا کہ دنیا کو ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تیز رفتار تبدیلیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے چین پاکستان تعلقات کی تزویراتی اہمیت مزید ہمیت کی حامل ہوگئی .