سینیٹ ضمنی الیکشن، سندھ سے پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار دستبردار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صوبہ سندھ کی سینیٹ کے 2 جنرل نشستوں کیلئے 14 مارچ کو ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے دو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ایک امیدوار دستبردار ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار وقار مہدی، مختیار احمد دھامرا عاجز، اور سنی اتحاد کونسل کے جمیل احمد سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان، محمد اسلم ابڑو اور سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سینیٹ میں سندھ کی دو جنرل نشستوں کیلئے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 14 مارچ کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے سینیٹ کی 3 خالی جنرل نشستوں کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی ہے۔
بلوچستان کی 3 خالی جنرل نشستوں پر 9 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، پولنگ 14 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی کے مطابق سینیٹ کی 3 خالی جنرل نشستوں کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دستبرداری کے آخری روز ایک امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔