رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے جس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے معزز اراکین شرکت کریں گے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا آزاد نے کہا کہ رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کا فیصلہ کرنے کے لیے ملک بھر کی زونل کمیٹیوں کے اسی طرح کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور اسلام آباد میں ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔
دوسری جانب برطانیہ میں مسلم کمیونٹی رمضان المبارک کے چاند پر ایک بار پھر تقسیم ہوگئی جہاں دو مختلف دنوں میں رمضان کی روایت برقرار ہے۔ برطانیہ میں مرکزی جماعت اہل سنت نے چاند نظر نہ آیا جبکہ مرکزی مسجد اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
متحدہ عرب امارات میں آج پہلا روزہ
اسی دوران مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں اتوار (10 مارچ) کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، آج سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے مسلمانوں سے رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔
خلیج ٹائمز کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے احکامات جاری کیے تھے کہ جو بھی چاند دیکھے قریبی عدالت میں رپورٹ کرے۔
آسٹریلیا، ملائیشیا، فلپائن اور برونائی سمیت کئی دیگر ممالک نے پہلے ہی 12 مارچ کو رمضان کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
عمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ 10 مارچ کو چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے 12 مارچ کو رمضان کا آغاز ہوگا۔