لیاری گینگ وار کے سابقہ سرغنہ رحمان ڈکیت کا بیٹا مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک


کراچی(قدرت روزنامہ)لیاری میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والا لیاری گینگ وار کے سابقہ سرغنہ رحمان ڈکیت کا جانشین نبی بخش پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں مارا گیا جبکہ ساتھی زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نبی بخش پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب سول ڈیفینس ایریا جُبلی مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے مبینہ تبادلے میں ایک ڈاکو مار گرایا جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، مارے جانے والے ڈاکو کی لاش اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کی شناخت 25 سالہ سارابان بلوچ ولد عبد الرحمٰن بلوچ جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 28 سالہ مقصود شاہ ولد محسن شاہ کے ناموں سے کی گئی۔ ہلاک و زخمی ملزمان سے دو پستول، چار چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
مارا جانے والا ملزم لیاری گینگ وار کے سابقہ سرغنہ عبد الرحمٰن بلوچ عرف رحمان ڈکیت کا بیٹا تھا، ہلاک و زخمی ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ، اقدام قتل، اور اسلحہ ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحق مقدمہ درج کر لیا گیا۔