الیکشن کمیشن کا ایک اور کارنامہ ؛ نامعلوم خاتون کو جے یو آئی( ف) کی رکن قومی اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے نامعلوم خاتون کو جے یو آئی (ف) کی رکن قومی اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نجی ٹی وی چینل “دنیا نیوز” کے مطابق جے یو آئی کے کوٹے پر نامعلوم خاتون کا مخصوص نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،کامیابی کا نوٹیفکیشن خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے جاری کیا گیا۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی ف کی خیبرپختونخوا سے رکن کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہےوہ نامعلوم خاتون ہیں اور یہ نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے،صدف احسان نہ تو پارٹی کی کوئی رکن ہیں اور نہ ہی جے یو آئی کی جانب سے اس نام کی کوئی ترجیحی فہرست جمع کروائی گئی تھی،سربراہ جے یو آئی نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن حنا بی بی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، مولانا فضل الرحمان نے چیف الیکشن کمشنر سے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔