خانوزئی بم دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے، خوشحال خان کاکڑ


خانوزئی(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ تخریب کاری کے المناک واقعے، غمگین صورتحال، بزرگوں اور جوانوں کے قتل ہونے اور زخمیوں کے باوجود غیور عوام کی عزم، صبر وتحمل اور شجاعت پر مبنی رویہ اور جرات مندانہ طرز عمل قابل دید ہے ظالم اور جابر قوتیں اس غیور ملت کو مزید محکوم نہیں رکھ سکتے اور اس المناک صورتحال میں پارٹی اور ان کی قیادت کے ساتھ تائید و حمایت، وفا، اخلاص اور لازوال محبت پر مبنی سلوک قابل تحسین ہے . وفاقی اور صوبائی حکومت جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کریں ورنہ عوام کو مجبورا احتجاج کی راہ اپنانی ہوگی وہ خانوزئی بم دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے مختلف گھرانوں میں تعزیت، فاتحہ خوانی اور عیادت کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا .

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری محمود ریاض، ضلعی رہنما ڈاکٹر حیات اللہ، رفیع اللہ آغا، محمد اسماعیل خان، علاالدین صاحب، عبدالرحیم خان، عبیداللہ بریالئی، سیف اللہ افغان، حاجی ظہور کاکڑ، نصیب اللہ خان اور محمد اسلم خان بھی ان کے ساتھ تھے . پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے مختلف دیہات اور گھرانوں کے دورے کے دوران فاتحہ خوانی اور عیادت کرتے ہوئے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے تمام علاقوں پر شعوری طور پر دہشتگردی، لاقانونیت اور بدامنی مسلط کرکے پشتون افغان ملت کی نسل کشی جاری ہے انتخابات کے دوران خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے بم دھماکے اسی سازش کا حصہ تھے اور اس کا مقصد ہمارے غیور عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کرکے انہیں اپنی رائے کا حق استعمال کرنے سے روکنا تھا لیکن ہمارے غیور عوام نے اس سازش کو ناکام بنایا . پشتون افغان غیور ملت کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں اور نمائندہ تنظیموں سمیت تمام ملت نے اس دہشتگردی، لاقانونیت اور بدامنی سمیت ملت کو درپیش سنگین مسائل سے نجات کیلئے متحد ہونا ہوگا . انہوں نے کہا کہ ہمارے غیور ملت نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور ان کی قیادت پر جس والہانہ انداز میں اعتماد کا اظہار کیا اور انتہائی خلوص ، محبت اور پیار و ملی جذبے کے ساتھ ہر علاقے میں پارٹی کا ساتھ دیا وہ ہم پر قرض ہے اور ہم اپنے غیور ملت کے اس قرض کی ادائیگی کو قومی فرض سمجھتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے . انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان دھماکوں میں جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی جلد سے جلد کی جائے پشتونخوانیپ اس معاوضے کی ادائیگی کے حق میں ضرور آواز بلند کرے گی .

. .

متعلقہ خبریں