اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایک ملاقات میں انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے سعودی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے .
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بطور وزیر اعظم دوبارہ انتخاب پرخادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیک خواہشات پران کا شکریہ ادا کیا .
دورہ سعودی عرب کی دعوت دیتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ہمیشہ قابل اعتماد پارٹنر رہے گا .
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی برادرانہ تعلقات کے ضمن میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی سفیر پہلے سفیر ہیں جن کا وہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد استقبال کر رہے ہیں .
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ ہر آزمائش پر پورا اترنے والے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند، اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ان کی حکومت کی ترجیح ہو گی، جس میں پاکستان میں منصوبوں کے لیے سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی .
وزیراعظم شہباز شریف نے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کا دائرہ کار بڑھانے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا، جس سے پاکستانی عازمین حج کو سہولت ملے گی .