عمران خان سے ملاقات کا دن اور میڈیا کوریج پر پابندی: ’کتنا خوف ہے ایک عمران کا‘


لاہور (قدرت روزنامہ)آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے۔ پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔ میڈیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی کوریج کرتا ہے، تاہم پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگا دیے۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر بھی قناتیں لگادیں، اس حوالے سے موقع پر موجود سکیورٹی اہلکار نے کہا ہے کہ میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں۔ سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلو میٹر دور چلی جائیں۔
صحافی عمران اصغر نے ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پرشیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یکم رمضان اڈیالہ جیل گیٹ 5 پر میڈیا کوریج پر پابندی لگادی گی، کیمروں کی جگہ قناتیں، ڈی ایس این جیزکی جگہ بیرئیر لگادیے، راولپنڈی پولیس کے شیر جوانوں نے میڈیا نمائندوں کے کھڑے ہونے پر بھی پابندی لگادی ہے۔
سارہ نامی صارف نے لکھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں، عمران خان سے ملاقاتوں کی میڈیا کوریج پر پابندی لگادی گئی، اڈیالہ کے باہر ملاقاتی جن میں پی ٹی آئی رہنما، وکلا، اور خاندان کے افراد شامل ہیں وہ میڈیا ٹاک نہ کر سکیں اس لیے میڈیا کو 2 کلومیٹر دور جانے کا حکم دیا گیا ہے، انہوں نے لکھا کہ ایک عمران خان کا کتنا خوف ہے۔
کتنا خوف ہے ایک اکیلے عمران خان کا !!
اڈیالہ جیل کے باہر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں- عمران خان سے ملاقاتوں کی میڈیا کوریج پر پابندی لگادی گئی، اڈیالہ کے باہر ملاقاتی PTI راہنما وکلا فیملی ارکان میڈیا ٹاک نہ کریں- میڈیا کو دو کلومیٹر دور جانے کا حکم-
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا ہے جس کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہوگا۔ اس پابندی کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروا رکھی ہے اور سماعت جاری ہے۔