اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کی جانب سے پیاز اور کیلے کی برآمد پر پابندی لگانے کے باوجود قیمتیں کم نہ ہو سکیں، عوام مہنگے کیلے اور پیاز خریدنے پر مجبور ہیں . اسلام آباد میں چھوٹے کیلے 250 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں جبکہ درمیانے کیلے 300 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں .
سندھ میں چھوٹے سائز کے کیلے 150 روپے فی درجن جبکہ بڑے سائز کے کیلے 250 روپے سے 300 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں . سندھ میں پیاز 280 روپے سے 300 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ اسلام آباد میں پیاز 300 روپے سے 350 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، پنجاب میں بھی 350 روپے تک فروخت ہو رہا ہے .
آج سے دو ہفتے قبل تک کیلے 120 سے 180 روپے تک فی درجن فروخت ہو رہے تھے لیکن میں رمضان کے شروع ہوتے ہی قیمتیں ڈبل ہو گئی ہیں . ہول سیلرز اور برآمد کنندگان کو توقع ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں ان دونوں اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئے گی کیونکہ برآمد کنندگان، جنہیں غیر ملکی خریداروں سے ادائیگیاں ملی ہیں، اپنے پرانے آرڈرز کو کلیئر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں .
لاہور میں گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کیا ہے، 24 گھنٹوں میں 2ہزار512مقامات کی چیکنگ کی گئی، 336 خلاف ورزیوں پر 109 مقدمات درج کیے گئے، انتظامیہ نے مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے افراد کو5 لاکھ 41 ہزار 500 روپے کے جرمانے کیے،ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ 79 منافع خوروں کو حراست میں لے لیا گیا .
کراچی میں پیا ز کی سرکاری قیمت 242 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں پیاز 250 روپے فی کلوفروخت ہو رہا ہے، آلوکی سرکاری قیمت 52 روپے فی کلو جبکہ مارکیٹ میں آلو 60 روپے کلوفروخت ہو رہے ہیں . ٹماٹر کی سرکاری قیمت 127 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 180 سے220 روپے کلو فروخت ہو رہاہے، سیب کی کراچی میں سرکاری قیمت 219 ہے جبکہ مارکیٹ میں 280 روپے میں فروخت ہو رہا ہے .