سعودی عرب میں پاکستانی نرسوں پر مستقل پابندی لگنے کا خدشہ، خبردار کردیا گیا
اسلام آبادکوئٹہ (قدرت روزنامہ)حالیہ سکینڈل کے بعد سعودی حکومت نے پاکستانی نرسوں پر مستقل پابندی عائد کرنے کی تنبیہ کر دی۔ نجی ٹی وی چینل نیو نیوز کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے حالیہ دنوں 92پاکستانی نرسوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے، جنہوں نے سعودی حکام کو غلط معلومات مہیا کی تھیں۔
ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ سعودی سفارتخانے کی طرف سے اس سکینڈل کے بعد عندیہ دیا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی طرف سے پاکستانی نرسوں پر ممکنہ طور پر مستقل پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد روز گار کے لیے مقیم ہے، جن میں میڈیکل پروفیشنلز بھی شامل ہیں۔ اس حالیہ سکینڈل سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی میڈیکل کمیونٹی کو شدید دھچکا لگا ہے۔اگر سعودی عرب میں پاکستانی نرسز پر پابندی عائد ہوتی ہے تو متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک میں بھی پاکستانی میڈیکل کمیونٹی اس سے متاثر ہو گی۔