سینیٹ کے ضمنی انتخاب، ن لیگ بلوچستان نے اتحادیوں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر امیدواروں کو کامیاب بنانے کا فیصلہ، رابطوں کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ۔ منگل کو مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ارکان اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران، میر سلیم کھوسہ، حاجی محمد خان لہڑی ، زرک خان مندوخیل، حاجی معتبر برکت علی رند، سردار مسعود لونی، ولی محمد نورزئی ، نور محمد دمڑ، راحیلہ حمید درانی ، ڈاکٹر ربابہ بلیدی ، پیٹرک ایس ایم ،سابق سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل، میر دوسین ڈومکی نے شرکت کی جبکہ ارکان اسمبلی نواب جنگیز مری، میر عاصم کرد گیلو، میر شعیب نوشیروانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیاگیا ۔اجلاس میں 14مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پارٹی اور حکومتی اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی کے حوالے سے غور وغوض کیا گیا اور حکمت عملی مرتب کی گئی ۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا مسلم لیگ(ن) کے تمام 17ارکان پارٹی ہدایات کے مطابق سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں اپنے ووٹ استعمال کریں گے پارٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر کامیابی کی مشترکہ حکمت عملی بھی مرتب کریگی ۔اجلاس میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں رابطوں کے لئے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی سربراہی میں سردار عبدالرحمن کھیتران، میر سلیم کھوسہ اور نور محمد دمڑ پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی گئی جو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سمیت اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کریگی ۔اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کی تقرری کے حوالے سے بھی مشاورت اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی پارٹی صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کریگی ۔