عاطف اسلم کا مداحوں کو ماہِ رمضان کا تحفہ، نیا روح پرور کلام ریلیز

پاکستان(قدرت روزنامہ) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے ماہِ رمضان کی آمد پر اپنا نیا روح پرور کلام’اللّٰہ ہو اللّٰہ‘ ریلیز کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کو تحفہ دے دیا . ’تاجدارِ حرم‘، ’مصطفیٰ جانِ رحمت پر لاکھوں سلام‘ اور ’وہی خدا ہے‘ کے بعد اب عاطف اسلم نے رمضان المبارک کی آمد پر دلوں کو چُھو لینے والی اپنی آواز میں نیا کلام ’اللّٰہ ہو اللّٰہ‘ جاری کردیا ہے .

عاطف اسلم کی سحر انگیز آواز میں بنائے گئے اس کلام میں بادشاہی مسجد کے خوبصورت مناظر دکھائے گئے ہیں جبکہ اس کلام کی ویڈیو یوٹیوب پر اپلوڈ کی گئی ہے جس پر اب تک لاکھوں ویوز آچکے ہیں . کلام ’اللّٰہ ہو اللّٰہ‘ کے ہدایتکار جامی ہیں جبکہ اس کلام کے لیے موسیقی کو احسن پرویز نے ترتیب دیا ہے، عاطف اسلم کی جادوئی آواز میں تیار کیے گئے کلام کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے . واضح رہے کہ عاطف اسلم نے گانے ’عادت‘ کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا، جل پری کے عنوان سے ان کی پہلی البم نے انہیں صف اول کے گلوکاروں میں لا کھڑا کیا . ان کے مشہور گانوں میں تیرے بن، تیرے لئے، دل نہ جانے کیوں، تیرا ہونے لگا ہوں، تُو جانے نہ، دل دیاں گلاں شامل ہیں . عاطف اسلم نے گانوں کے بعد چند حمد اور کلام بھی پڑھے، گلوکار کے مطابق وہ اپنی دلی خوشی اور سکون کے لیے کلام پڑھتے ہیں . . .

متعلقہ خبریں