لاہور ہائیکورٹ؛سنی کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر حکومت سے جواب طلب
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ہائی کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
پنجاب حکومت کی طرف سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے استدعا کی کہ ہمیں جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے، مخصوص نشستوں پر کچھ ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، باقی نشستوں کی حد تک ہم جواب فائل کردینگے مہلت دی جائے۔
درخواست گزار وکیل نے دلائل دیے کہ یہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اس پر حکم امتناع دیا جائے، ہم نے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے لیے چار خطوط لکھے، لیکن الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں دینے کے بجائے درخواست کو ابتدائی طور پر سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق جیتنے والے امیدواروں کے حساب سے مخصوص نشستیں سیاسی جماعت کو ملیں گی، الیکشن کمیشن نہ تو ٹریبونل ہے نہ عدالت، دیگر سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں دینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیاجائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔