’مینیو بنانا صرف ہمارا مسئلہ نہیں، ہم بھی مریم نواز جیسے ہیں‘: صارفین کے مریم نواز کی ویڈیو پر تبصرے
لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ روز لاہور میں جوہر ٹاؤن ماڈل بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسٹالز کا معائنہ کیا، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیکھے اور اشیائے خورونوش کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان بازار میں آنے والی خواتین سے گفتگو کی۔ ایک خاتون سے دریافت کیا کہ آج افطاری میں کیا بنا رہی ہیں؟ جس پر خاتون کا جواب میں کہنا تھا یہ زندگی کا سب سے مشکل کام ہے۔ اس پر مریم نواز کہتی ہیں کہ یہ ہمارے گھر میں بھی مشکل ہے۔
مریم نواز کی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ مریم نواز کی بات سن کے دلی خوشی ہوئی کہ مینیو بنانا صرف ہمارا مسئلہ نہیں ہے، کہیں تو ہم بھی مریم نواز جیسے ہیں۔
ن لیگ کے حامی صارف پرویز سندھیلا نے کہا کہ یقیناً وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ رویہ ضرور تبدیلی لائے گا، بہرحال سب کچھ ہوجائے گا، آج کیا پکانا اس کا جواب نہیں ملے گا جس پر مریم نواز نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہے اور روزانہ کے مینو کا فیصلہ کرنا مشکل کام ہے۔