ماہ رمضان سے قبل پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں رمضان المبار ک کی آمد سے قبل پھلوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تاکہ غریب و امیر سبھی کے لیے افطاری کرنا آسان ہو اور دسترخوان وسیع ہو سکے، تاہم پاکستان میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو جاتا ہے۔پاکستان میں رمضان المبارک میں گراں فروشی بھی بڑھ جاتی ہے، ہر دکاندار اپنی مرضی کے نرخوں پر اشیائے خورونوش فروخت کرنا شروع کر دیتا ہے۔
وی نیوز نے اسلام آباد کی مارکیٹ کمیٹی سے رابطہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی رمضان المبارک سے قبل آخری ہفتے میں پھلوں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے؟ تو معلوم ہوا کہ ایک ہفتے میں سیب کی فی کلو قیمت میں 62 روپے، امرود کی قیمت میں 118 روپے فی کلو جبکہ کیلے کی قیمت میں 66 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے، پیاز 87 روپے جبکہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 41 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد کی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے ہر روز سبزی، پھل اور پولٹری کے نرخ جاری کیے جاتے ہیں، اس میں ضلع اسلام آباد کے لیے الگ لسٹ جاری کی جاتی ہے، اس کے علاوہ سبزی منڈی (پرچون)، کوھسار، سپر اور جناح سپر مارکیٹ کے لیے الگ الگ لسٹ جاری کی جاتی ہے۔ سب سے کم نرخ سبزی منڈی جبکہ سب سے زیادہ نرخ کوہسار، سپر اور جناح سپر مارکیٹ کی لسٹ میں درج ہوتے ہیں۔
پھلوں کے ریٹ میں کتنا اضافہ ہوا؟
ضلع اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے 5 مارچ کو سیب کی مختلف ورائٹیوں کی قیمت 154 روپے فی کلو سے 308 روپے فی کلو تک تھی، اب سب سے اچھی ورائٹی کی قیمت 62 روپے فی کلو بڑھ کر 370 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ کیلے کی فی درجن قیمت 220 روپے تھی جوکہ اب 66 روپے فی درجن بڑھ کر 286 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔ امرود کی قیمت 162 روپے فی کلو تھی جو کہ اب 118 روپے فی کلو بڑھ کر 280 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
اسلام آباد کی مارکیٹوں کے لیے جو لسٹ جاری کی گئی اس کے مطابق اسٹرابری کی قیمت منگل 5 مارچ کو 462 روپے فی کلو تھی جوکہ بڑھ کر 495 روپے فی کلو ہو گئی ہے، کینو کی قیمت میں 319 فی درجن سے بڑھ کر 330 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔

سبزیوں کے ریٹ میں کتنا اضافہ ہوا؟
اسلام آباد میں پھلوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں کے نرخوں میں بھی گزشتہ ایک ہفتے میں اضافہ ہوا ہے، پیاز کی قیمت منگل 5 مارچ کو 260 روپے فی کلو تھی جو کہ 87 روپے فی کلو بڑھ کر 347 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی قیمت 129 سے بڑھ کر 170 روپے ہو گئی ہے۔ آلو کی قیمت 67 روپے فی کلو تھی جوکہ اب 73 روپے ہو گئی ہے، لیموں کی قیمت 270 روپے فی کلو سے بڑھ کر 460 روپے ہوگئی ہے، جبکہ مرچ کی قیمت 319 روپے سے بڑھ کر 335 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
مرغی اور انڈوں کے ریٹ میں کتنا اضافہ ہوا؟
گزشتہ ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی قیمت میں 40 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، منگل 5 مارچ کو زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 425 روپے تھی جوکہ اب بڑھ کر 465 روپے فی کلو ہو گئی ہے، شیور انڈے کی قیمت 250 روپے تھی جوکہ 12 روپے فی درجن سے بڑھ کر اب 262 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔