سلمان خان کی عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کو اپنے ساتھ کام کی پیشکش


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے سُپر اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ و ہدایتکار کرن راؤ کی فلم ‘لاپتا لیڈیز’ دیکھ کر اُنہیں اپنے ساتھ کام کی پیشکش کردی۔
سلمان خان نے کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘لاپتا لیڈیز’ دیکھنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) کا رُخ کیا۔
میگا اسٹار نے کہا کہ میں نے ابھی کرن راؤ کی فلم ‘لاپتا لیڈیز’ دیکھی، واہ واہ کرن! میں واقعی اس فلم سے بہت لطف اندوز ہوا اور میرے والد صاحب نے بھی آپ کی فلم کو بہت پسند کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ کا کام شاندار ہے، بطورِ ہدایتکار آپ کی پہلی فلم پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سلمان خان نے کرن راؤ کو کام کی پیشکش کرتے ہوئے اُن سے پوچھا کہ آپ میرے ساتھ کب کام کریں گی؟
یاد رہے کہ سلمان خان نے اپنے ٹوئٹ میں یہ غلطی کی کہ فلم ‘لاپتا لیڈیز’ کرن راؤ کی بطورِ ہدایتکار پہلی فلم ہے، دراصل کرن راؤ نے نے بطور ہدایتکار 2010 میں فلم ‘دھوبی گھاٹ’ سے ڈیبیو کیا تھا۔
واضح رہے کہ یکم مارچ 2024 کو بھارت بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’’لاپتا لیڈیز‘‘ کی ہدایتکاری کرن راؤ نے کی ہے، فلم کو عامر خان اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کے ڈائیلاگ اسنیہا ڈیسائی اور دیویاندھی شرما نے لکھے ہیں۔
2001 کے دیہاتی پس منظر میں بنائی گئی فلم ’’لاپتا لیڈیز‘‘ دو نوجوان دلہنوں کے گرد گھومتی ہے جو ٹرین میں لاپتہ ہوجاتی ہیں۔