روزمرہ زندگی کے بڑھتے اخراجات، صارفین پر معاشی دباؤ میں اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یوٹیلیٹی بلز اور ٹرانسپورٹیشن کی بڑھتی قیمتوں کے سبب روزمرہ زندگی کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، صارفین گزشتہ رمضان کے مقابلے میں رواں برس اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھ رہے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی) کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی اوسط قومی قیمت فی الحال 2500 سے 2960 روپے ہے جبکہ 2023 میں یکم رمضان کو یہ 1295 روپے سے 3000 روپے کے درمیان تھی۔
گندم کے 10 کلو تھیلے اور ایک کلو باریک آٹے کی قیمت گزشتہ سال بالترتیب 1191 روپے اور 146 روپے تھی جبکہ رواں سال گندم کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 1240 روپے اور باریک آٹے کی فی کلو قیمت 156 روپے ہے۔
پیاز کی قیمت اوسطاً 180-340 روپے کے درمیان اور آلو کی اوسط قیمت 50-110 روپے فی کلو ہے جبکہ گزشتہ سال پیاز 100-220 روپے فی کلو دستیاب تھی اور آلو 40-100 روپے فی کلو مل رہا تھا۔
5 لیٹر کوکنگ آئل (ڈالڈا و دیگر) 2500 سے 2750 روپے، ڈالڈا، حبیب وغیرہ کا 2.5 کلو گھی 1200 سے 1400 روپے اور ڈالڈا، حبیب وغیرہ کا ایک کلو گھی 470 روپے سے 510 روپے کے درمیان دستیاب ہے، گزشتہ برس رمضان کے پہلے روز یہ قیمتیں بالترتیب 3140 سے 3500 روپے، 1400 سے 1720 روپے اور 570 سے 639 روپے کے درمیان تھیں۔
گزشتہ برس چنے کی دال 220 سے 320 روپے فی کلو اور ماش کی دال 280 سے 480 روپے فی کلو میں دستیاب تھی، رواں برس چنے کی دال 235 سے 300 اور ماش کی دال 470 سے 600 روپے فی کلو مل رہی ہے۔
ایک برانڈڈ کمپنی کے مرچ پاؤڈر (250 گرام سے کم) کی قیمت گزشتہ سال 215 روپے تھی جوکہ رواں سال بڑھ کر 400 روپے ہوگئی ہے۔
گائے کا گوشت (ہڈیوں کے ساتھ) 600 سے 1100 روپے فی کلو جبکہ بکرے کا گوشت 1400 سے 2200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے جبکہ گزشتہ سال گائے کو گوشت 500 سے 900 روپے فی کلو اور بکرے کو گوشت 1100 سے 1800 روپے فی کلو تھا۔
برائلر مرغی (زندہ) کی قیمت اوسطاً 380 سے 520 روپے فی کلو ہے جوکہ گزشتہ برس 325 سے 550 روپے کے درمیان تھی۔
3.3719 ایم ایم بی ٹی یو تک گیس چارجز گزشتہ سال 295 روپے تھے جوکہ اب بڑھ کر 1976 روپے ہو گئے ہیں۔
پیٹرول کی قیمت 281 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 288 روپے فی لیٹر ہے جبکہ گزشتہ سال پیٹرول 272 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 294 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔
باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت 160 سے 240 روپے فی کلو کے درمیان ہے اور اری 6/9 (سندھ/پنجاب) کی قیمت 80 سے 180 روپے فی کلو ہے جبکہ گزشتہ برس ٹوٹا چاول 160-280 روپے فی کلو اور اری 6/9 140-200 روپے فی کلو دستیاب تھا۔
چائے کے (250 گرام سے کم) برانڈڈ پیک کی قیمت روپے کی قدر میں اضافے اور چائے کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود 542-558 روپے پر برقرار ہے۔
500 گرام سے کم کا پاؤڈر والا برانڈڈ دودھ گزشتہ سال 660 سے 720 روپے میں دستیاب تھا جوکہ اب 800 سے 850 روپے میں مل رہا ہے۔