لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی سابق کرکٹر عمران نذیر کو پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم میں ہارڈ ہٹر اور اوپننگ بلے باز کے طور پر جانا جاتا ہے . انہوں نے ء999 اور 2012ء کے درمیان بہترین کرکٹ کھیلی .
حال ہی میں کرکٹر نے ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی .
اس دوران انہوں نے مشہور اداکار و میزبان عمران اشرف کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کا جواب دیا . عمران نذیر کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے تو انہیں کھانے میں ملا کر مرکری زہر دیا گیا، اس زہر نے اُنہیں ناصرف بیمار کیا بلکہ اُن کا بنا بنایا کیریئر بھی تباہ کر دیا .
عمران نذیر نے بتایا کہ دو میچز کے بعد ہی ان کی ہڈیاں دُکھنے لگی تھیں، ڈاکٹرز کو بتانے پر اُنہیں اُن کے معالج نے فوراً پاکستان بلا لیا . عمران نذیر نے مزید کہا کہ وہ اپنی سیریز چھوڑ کر پاکستان آئے، اُن کے سارے ٹیسٹ ہوئے، جب اُن میں آرتھرائٹس کی تشخیص ہوئی تو اُنہیں بتاتے ہوئے ڈاکٹر کی آنکھوں میں بھی آنسو آ گئے تھے .
عمران نذیر نے بتایا کہ انہوں نے ساڑھے چھ سال اپنے اوپر سارا پیسہ لگا دیا اور صحت یاب ہونے کے لیے اُن سے جو بن سکا انہوں نے کیا مگر اُن کی حالت پہلے جیسی نہ ہو سکی، بیماری میں بھی وہ خود کو زہر دینے والے کو دعا ہی دیتے رہے .
اُنہوں نے کہا کہ کیوں کہ وہ ایک مسلمان ہیں تو ایک مسلمان کو زیب نہیں دیتا کہ وہ مایوس ہو اور ہمت ہارے، ڈاکٹر اُنہیں بتاتے تھے کہ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں مگر اُن کے ذہن میں تھا کہ اللہ نے ایسی کوئی بیماری بنائی ہی نہیں جس کا کوئی علاج نہ ہو، وہ اس بیماری اور اپنے حالات سے دنیا کو لڑ کر دکھائیں گے .
ایک سوال کے جواب میں عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اس کڑے وقت میں اُن کی کوئی کال تک نہیں اٹھاتا تھا، سوائے اُن کی اہلیہ کے اُن کے ساتھ کوئی نہیں تھا . عمران نذیر نے اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی اہلیہ پر فخر ہے، آج اُن کی بدولت ہی میں یہاں پر موجود ہوں، میں اپنی اہلیہ کو سیلوٹ کرتا ہوں .