بیوی کو قتل کرکے بیڈروم میں دفنانے کے بعد مظلوم بن کر سالی سے شادی کرنے والے شخص کا 38 سال بعد راز فاش ، گرفتار کرلیا گیا
ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد بیڈ روم میں فرش کھود کر لاش دفنادی اور ٹائلز لگا دیے۔ پھر مظلوم بن کر سالی سے شادی کرلی لیکن یہ بھانڈا 38 سال بعد پھوٹ گیا، دوسری خاتون کو بھی 38 سال تک اندازہ نہیں ہوا کہ وہ اپنی بہن کے قاتل کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے لیکن قدرت قاتل کو بے نقاب کرنا چاہتی تھی اور گھر میں واش روم کی تعمیر کے لیے کی گئی کھدائی میں مزدوروں کو انسانی ہڈیاں ملیں۔
عرب نیوز کے مطابق 38 سال قبل گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر کے تشدد سے اہلیہ ہلاک ہوگئی جس پر قاتل شوہر نے بیڈ کے نیچے فرش کھودا اور لاش دفنا کر فرش کو پختہ کر دیا۔بعد ازاں اس نے دور دراز علاقے میں مقیم اپنے سسرالیوں کو بتایا کہ بیوی کا انتقال کینسر کے باعث ہوگیا اور جلدی نہ دفنایا گیا تو لاش خراب ہوجائے گی۔
جب سسرالی آئے تو قاتل شوہر نے حیرت انگیز طور پر ایسا ڈراما کیا کہ کوئی بھی اس کا جھوٹ نہ پکڑ سکا بلکہ ساس سسر نے اس کی شادی اپنی دوسری بیٹی سے کرادی۔مزدوروں نے پولیس کو بتایاکہ ہڈیوں کے ڈی این اے سے پتا چل گیا کہ یہ باقیات پہلی بیوی کی ہیں۔ جب یہ راز موجودہ بیوی اور سالی پر کھلا تو وہ بے ہوش ہوگئی۔