وسیم اکرم پاکستانی کرکٹ وینیوز کی حالت سے نالاں
کراچی(قدرت روزنامہ)وسیم اکرم پاکستانی کرکٹ وینیوز کی حالت سے نالاں ہیں۔
حال ہی میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ دھرم شالہ میں کھیلا گیا، یہ گراؤنڈ سطح سمندر سے 1457میٹر بلند اور ہمالیہ کے دامن میں واقع ہے، اس کا شمار دنیا کے خوبصورت اسٹیڈیمز میں ہوتا ہے۔
ایک ٹی وی شو کے دوران شائق کی جانب سے وسیم اکرم سے سوال کیا گیا کہ جس طرح کے اسٹیڈیمز ہم نے دھرم شالہ اور نیوزی لینڈ کے کوئنز ٹاؤن میں دیکھے، ایسے وینیو پی سی بی ناردرن ایریاز میں کیوں نہیں بناتا۔
وسیم اکرم نے تلخ حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے 3 اسٹیڈیمز نہیں سنبھالے جاتے باقی نئے کیسے بنائیں گے، آپ نے قذافی اسٹیڈیم کی چھت دیکھی جو ڈرون کیمرے سے دکھائی گئی تھی، حقیقت یہی ہے کہ ہم سے 3 وینیوز ٹھیک نہیں رکھے جارہے، ہم نئے اسٹیڈیم کا صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں،البتہ ہمارے پاس نئے وینیو کیلیے بہت جگہ موجود ہے۔
وسیم اکرم نے بہرحال یہ ضرور کہا کہ ہمارے پاس بھی ایبٹ آباد میں ایک خوبصورت گراؤنڈ موجود ہے۔ یاد رہے کہ دھرم شالہ کرکٹ گراؤنڈ بنانے میں بھی 10 برس لگ گئے تھے، فنڈز اور مقامی سیاست تعمیر میں آڑے آتی رہی، انوراگ ٹھاکر کے دور میں پہاڑوں کے دامن میں گراؤنڈ کی جگہ ڈھونڈی گئی، پھر اس پر اسٹیڈیم کی تعمیر شروع ہوسکی تھی۔