کراچی؛ لینڈ گریبنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ)سرجانی ٹاون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لینڈ گریبنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
ترجمان ایس ایس پی ویسٹ شاد ابنِ مسیح کے مطابق گرفتار ملزمان محمد سلطان خان، عبدالوہاب اور حسین محمد لینڈ گریبر ہیں، پولیس نے انکروچمنٹ اسٹاف کے ہمراہ سیکٹر 10 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا تھا جس دوران تینوں لینڈ گریبرز كو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک منی رائفل اور پستول برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزمان کی ویگو گاڑی كو بھی ضابطے کے تحت پولیس نے قبضے میں لے لیا، گرفتار ملزمان علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے گارڈ، گن مین اور اسلحے کا استعمال کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے ان کے دیگر ساتھیوں اور قبضہ کر کے فروخت کی گئی اراضی کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی پشت پناہی کرنے میں اہم شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں جو جلد سامنے لائے جائیں گے۔