عمران ریاض، اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں پیش


لاہور(قدرت روزنامہ)صحافی عمران ریاض اور پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق بشیر نے پیش کی۔
سرکاری وکیل کے مطابق عمران ریاض کے خلاف سائبر کرائم لاہور میں ایک، تھانہ سٹی سانگلہ ہل ننکانہ صاحب میں ایک، تھانہ سٹی اٹک اور تھانہ صدر چکوال میں دو مقدمات درج ہیں۔ عمران ریاض کے خلاف درج دیگر پانچ مختلف مقدمات منسوخ ہوچکے ہیں۔
عمران ریاض کی وکیل سلمیٰ ریاض عدالت میں پیش ہوئیں۔ ایڈووکیٹ سلمیٰ ریاض نے کہا کہ عدالت وفاقی وزارت داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرے، جس پر عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے تمام ریکارڈ آچکا ہے۔
عدالت نے پیش کردہ رپورٹس کی روشنی میں عمران ریاض کی درخواست نمٹا دی۔
اعظم سواتی
اسی طرح، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات اور نظر بندی کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چوہدری نے سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈپٹی سیکریٹری ہوم پنجاب افضل بشیر نے عدالت پیش ہوکر رپورٹ جمع کرا دی۔
ڈپٹی سیکریٹری ہوم نے بتایا کہ اعظم سواتی کے خلاف نظر بندی کا کوئی حکم موجود نہیں، جس پر عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
عدالت میں مبہم جواب دینے پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کی خاتون لاء افسر پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ لاء افسران سے عدالت کی توقعات ہوتی ہیں مگر آپ یہاں ہاتھ جھاڑ کر آگئیں۔
پولیس حکام نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کرا رکھی ہے جس کے مطابق لاہور میں اعظم سواتی کے خلاف 6 اور فیصل آباد میں چار مقدمات درج ہیں جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔
اعظم سواتی کے وکلاء نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ملک کے نامور سیاستدان ہیں، پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا جبکہ درخواست گزار پر تشدد اور گھریلو خواتین کی توہین کی گئی، پی ٹی آئی قیادت اور درخواست گزار کے خلاف ملک بھر میں کیسز درج کیے گئے، پنجاب میں درخواست گزار کے خلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت درج کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے، گھر کی خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے، چادر چار دیواری اور بنیادی حقوق کے تحفظ، درخواست گزار کی نظر بندی کے احکامات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔