اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں 10 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے . ذرائع کے مطابق کراچی، نصیر آباد، کوئٹہ، لوئر دیراور ڈیرہ بگٹی سے حاصل کردہ سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس موجود پایا گیا ہے .
ایک ہفتے میں سیوریج کے 22نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا . رواں برس 56 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے .
متاثرہ شہروں سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلنگ 19 تا 21 فروری ہوئی تھی . کراچی ایسٹ کے پانچ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو پایا گیا ہے . کراچی کے علاقوں مچھر کالونی، چکوڑا نالہ ، سہراب گوٹھ کی 2 سیوریج لائنز اور راشد منہاس کی سیوریج لائن میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے . رواں برس کراچی ایسٹ کی سیوریج میں 9 بار پولیو پایا گیا ہے . کراچی ایسٹ کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کوئٹہ، سبی سے ہے .
ذرائع کے مطابق کراچی ساوتھ کی ہجرت کالونی کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے اور اس کا جنیاتی تعلق کیماڑی سے ہے .
بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں لیبر نالہ کی سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے . ڈیرہ بگٹی کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کوئٹہ سے ہے . کوئٹہ کے ریلوے پل کی سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا ہے . کوئٹہ میں رواں برس پولیو وائرس پائے جانے کا یہ چھٹا کیس ہے .
نصیر آبار کی واپڈا کالونی کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے . لوئر دیر شہید چوک کی سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا ہے . لوئر دیر سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کوہاٹ سے ہے .