’مریم نواز یا حسین نواز، سچ کون بول رہا ہے؟‘ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی


لاہور (قدرت روزنامہ)شریف خاندان آئے روز کسی نہ کسی حوالے سے خبروں کی زینت بنا رہتا ہے کبھی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اچانک دورے تو کبھی کوئی متنازع بیان انہیں خبروں کا موضوع بنائے رکھتے ہیں، اور اس حوالے سے سوشل میڈیا کسی سے پیچھے نہیں۔
ایسا آج اس وقت پھر ہوا جب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لندن میں مقیم دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز نے 7 برس بعد وطن واپس آکراسلام آباد کی احتساب عدالت سے نیب کے 3 ریفرنسز میں ضمانت حاصل کرتے ہوئے اپنا ’اشتہاری اسٹیٹس‘ منسوخ کرایا۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں حسین نواز کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی شہری ہیں اور ان کے پاس اور کوئی پاسپورٹ نہیں، ان کے اس بیان کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر ان کی بہن مریم نواز کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہونا شروع ہوگئی، جس میں وہ کہتی ہیں کہ ان کے بھائی باہر رہتے ہیں اور ان پر یہاں کے قوانین لاگو نہیں ہوتے۔
صارفین نے مریم نواز کی اس پرانی ویڈیو کا موازنہ حسین نواز کے آج کے بیان کی ویڈیو سے کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کردی، جس پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جا ری ہے، کسی کا کہنا تھا کہ دونوں بہن بھائیوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ ایک شخص جو باہر رہتا ہے اس پر پاکستان کے قوانین کیسے لاگو ہو سکتے ہیں؟
صحافی سلمان درانی نے دونوں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دونوں میں سے کون سچ بول رہا ہے، فیصلہ آپ خود کر لیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری لکھتی ہیں کہ 24 کروڑ پاکستانی عوام کو سلطنت زرداری اور شریف خاندان کا غلام سمجھا ہوا ہے، جمہوریت میں بادشاہت قائم ہے۔ ’پاکستان کی غیور عوام ان کے غلام ابن غلام اور ان کے بچوں کی غلامی کرنے سے 8 فروری کو انکار کر چکے ہیں۔‘
واضح رہے کہ پانامہ اسکینڈل سے جڑے نیب کے 3 ریفرنسز میں سرینڈر کرنے پر احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے ان کا اشتہاری اسٹیٹس بھی ختم کردیا ہے۔