ملک دشمن پی ٹی آئی، آئی ایم ایف پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہے، عطا تارڑ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، ایک جماعت آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے 9 مئی جیسے واقعات کیے۔ یہ ملک ہے تو ہم ہیں، یہ قائم دائم رہے گا۔ تحریک انصاف ملک میں انتشار پیدا کررہی ہے، یہ ملک دشمن جماعت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی میثاق جمہوریت کی بات کرتے ہیں، عوام نے ہمیں ووٹ اس لیے دیے ہیں کہ مسائل حل کریں۔ بیرون ملک بیٹھے چند مٹھی بھر لوگ پاکستان کیخلاف گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہا کیا جائے تب امداد دی جائے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہماری لیڈر شپ نے جیلیں کاٹیں مگر ملک کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا، انہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کو امداد نہ دینے کے خط لکھے۔ ہم پاکستان کی معیشت کو مضبوط کریں گے اور وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاک فوج ہمارا دفاعی ادارہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتِ حال میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ وزیراعظم ملک کے مسائل کا جلد حل چاہتے ہیں۔ بلومبرگ جیسے عالمی ادارے وزیر خزانہ کے انتخاب کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی میں ملوث ملک دشمن جماعت پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہمیشہ بیرونی و اندرونی خطرات سے بچایا، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ اپنے خون پسینے سے اس ملک کو سنواریں گے، وزیراعظم نے معاشی اصلاحات پر جامع ایجنڈا دیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی میثاق معیشت کی بات کرتے ہیں، ہمیں عوام نے ووٹ دے کر ایوان میں مسائل کے حل کے لیے بھیجا ہے، یہ ملک اس لیے نہیں بنایا گیا جس ایجنڈے پر پی ٹی آئی چل رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کا اچھا اثر سامنے آرہا ہے، غیر ملکی سفیر مثبت جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایف بی آر کی تنظیم نو، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور حکومتی اخراجات کو کم کرنے کی بات کی ہے، ان لوگوں کو کس بات پر اختلاف ہے، ان لوگوں نے آئی ایم ایف کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔ آپ جرات دیکھیں کے باہر کے ملک میں فوج کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں، ملک دشمن جماعت قوم کو امریکی سازش کا کہتی تھی، اب آئی ایم ایف کو کہہ رہے کہ امداد نہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا شوکت ترین کی آڈیو آپ کے سامنے ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کی ایما پر سازش ہو رہی ہے، ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج کے خلاف بیرون ملک شر پسند مظاہرے کرتے ہیں، شرپسند جماعت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک جماعت آئی ایم ایف سے کہہ رہی ہے کہ اس کے سیاسی لیڈر کو رہا کیا جائے تو تب پاکستان کو امداد دی جائے، ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر بیٹھ کر احتجاج کر رہی رہے، یہ وہ لوگ ہیں جو برانڈڈ جوتیاں اور برانڈڈ بیگ پہن کر پاکستان کے عوام کی امداد بند کرنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، یہ آئی ایم ایف کی ڈیل اس لیے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کہ ان کا خواب ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، ان شاءاللہ پاکستان ترقی کرے گا، شرح نمو میں اضافہ ہوگا، یہ ملک آج شہیدوں، غازیوں اور سیاستدانوں کی قربانیوں سے قائم و دائم ہے، ملک دشمن عناصر کی گھناﺅنی سازشوں کا آئی ایم ایف ڈیل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔