’عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اشتہار دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے‘: مریم نواز تنقید کی زد میں


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پنجاب میں ’ نگہبان رمضان پیکج کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے، جس کا اشتہار آج کے اخبارات میں بھی دیا گیا ہے، صارفین کی جانب سے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ ایک طرف تو مستحقین کو ریلیف دیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ن لیگ کی اپنی اشتہاری مہم جاری ہے۔
صحافی خرم اقبال لکھتے ہیں کہ نگہبان رمضان پیکج کی اشتہار بازی عروج پر ہے۔
ایک صارف نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ فارم 47 کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے غریب عوام کے 7 ارب روپے صرف نگہبان رمضان پیکج کے اشتہارات کی مد میں ضائع کر دیے جس سے 3 لاکھ 50 ہزار خاندانوں کو ایک ماہ کاراشن دیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام تو کہتا ہے کہ مستحق تک اس کا حق ایسے پہنچاؤ کہ کسی کو خبر بھی نہ ہو اور اللہ کے ہاں وہ نیکی بہت معتبر ہے جس کا گواہ صرف اللہ ہو۔
فارم 47 کی وزیراعلی مریم صفدر نے غریب عوام کے 7 ارب روپے صرف رمضان پیکج نگہبان نواز شریف والی تصویر کے اشتہارات کی مد میں ضائع کر دیے جس سے 3 لاکھ 50 ہزار خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن دیا جا سکتا تھا
ایک صارف نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ اشتہاروں کی مد میں ضائع کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے رمضان پیکج کا موازنہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے رمضان پیکج سے کیا جا رہا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 10ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے دیے جانے والے پیکج میں ستحقین کو 10کلو آٹا اور 2,2کلو چینی، چاول،بیسن اور گھی فراہم کیا جائے گا۔ صارفین کا کہنا ہے خیبر پختونخوا کی جانب سے امداد تو کی جا رہی ہے لیکن اس کو سوشل میڈیا پر اشتہارات کی نذر نہیں کیا جا رہا۔