پشاور: چار رکنی لیڈی ڈاکو گینگ اور سی ٹی ڈی اہلکار بن کر ڈاکوؤں کی گھروں میں لوٹ مار


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور میں ڈکیتی کی انوکھی وارداتیں پیش آ گئیں جس میں 4 رکنی لیڈی ڈاکو گینگ نے گھر کا صفایا کردیا جبکہ ایک اور واقعے میں خود کو سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کرتے ہوئے مسلح ڈاکوؤں نے اہل خانہ پر تشدد کیا اور لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بچوں کو پولیو قطرے کا پلانے کا کارڈ دکھانے کا مطالبہ کر کے 4 رکنی لیڈی ڈاکو گینگ گھر میں داخل ہوا، گینگ کی خواتین گھر میں موجود 3 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہوگئیں۔
دوسری جانب پشاور کے علاقہ چمکنی میں ڈاکوؤں کا گینگ خود کو سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کر کے گھر میں گھس گیا۔
اہل خانہ کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے گھر کے افراد کو یرغمال بناکر تشدد کیا اور گھر سے سونا اور 9 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تھانہ چمکنی میں درج کرکے، سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے ملزمان کی نشاندہی کرلی گئی ہے، جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔