70 سالہ فٹنس کے شوقین چینی شہری کا انٹرنیٹ پر چرچا
چونگ کنگ(قدرت روزنامہ)چین سے تعلق رکھنے والے فٹنس کے شوقین ایک عمر رسیدہ شہری اپنی بہترین جسمانی ساخت کی وجہ سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 سالہ ژو ہیپنگ شہر چونگ کنگ سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے قابل رشک جسم کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔
انہوں نے 1979 میں باڈی بلڈنگ اس وقت شروع کی جب انہوں نے ایک میگزین میں دوڑنے کے فوائد کے بارے میں پڑھا۔ وہ تب سے چونگ کنگ کے قریب گیلی پہاڑ پر دوڑ لگاتے آرہے ہیں۔
دوڑ کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے جسم کو اچھی حالت میں رکھنے کے لیے کئی دوسری مشقیں بھی اپنائی ہوئی ہیں جس میں پل اپس، ہینڈ اسٹینڈز اور پول کلائمبنگ شامل ہے۔
ژو ہیپنگ نے عجیب و غریب مشقوں کا ایک سلسلہ بھی وضع کیا ہے جو انہیں اپنی تندرستی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ جیسے کہ وہ گیلی پہاڑ کے نیچے سے چوٹی تک 2,500 سے زیادہ سیڑھیوں پر مینڈک کی طرح چھلانگ لگاتے ہوئے جاتے ہیں اور پھر نیچے کی طرف مگرمچھ کی طرح رینگتے ہوئے آتے ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ ایسا کرنے سے اعضا میں ہم آہنگی بہتر ہوتی ہے۔ ژو کا نوجوانوں کو دیے گئے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ زندگی دوڑنے میں مضمر ہے اور سب سے اہم چیز ورزش کرنا، اپنی فٹنس کو برقرار رکھنا اور ایک اچھا طرز زندگی استوار کرنا ہے۔