بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ کی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بحرین کے کمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات بھی کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بحرین کےکمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ جی ایچ کیو آئے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف کی جانب سے بحرین کے ساتھ ملٹری تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی طور پر مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔
دوسری جانب کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا، ملاقات میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کیا۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون مضبوط بنانےکے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔