میر علی میں دہشتگرد حملے، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 شہید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی اور اس کے بعد متعدد خودکش حملے کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گر گیا، خودکش حملوں کے دوران 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 دہشتگردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر نے جام شہادت نوش کیا۔شہید ہونے والے 39 سال کے لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی اور 23 سال کے کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔