میں بولا تو کئی لوگ شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے: حامد رضا کا شیر افضل کو جواب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے دوست اپنے معاملات گھر میں ہی حل کریں تو بہتر ہے . ‘
حامد رضا نے جمعے کو ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’سنی اتحاد کونسل(سے اتحاد) کا فیصلہ عمران خان نے کیا تھا، میری طرف سے کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی .

‘ انہوں مزید کہا کہ ’انتخابی نشان سے لے کر مخصوص نشستوں تک میرے پاس بتانے کو بہت کچھ ہے . اگر میں نے بھی ٹاک شوز میں بیٹھ کر کچھ بول دیا تو کئی لوگ شکل دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے . ‘
حامد رضا نے کہا کہ میری کمٹمنٹ عمران خان کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی . میں فضول کی میڈیا پبلسٹی کے لیے عمران خان کا برا نہیں سوچ سکتا، صرف اسی لیے خاموش ہوں . ہدایات لے کر پھوٹ مت ڈلوائیں .

شیر افضل مروت نے بدھ کو جیو نیوز کے پروگرام میں شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں دو غلطیوں کی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے .
انہوں نے مولانا شیرانی کی جماعت سے معاملات طے ہونے کے بعد بَلّے باز(پی ٹی آئی نظریاتی) سے اتحاد اور پھر مجلس وحدت المسلمین سے اتحاد کی بات چیت کے بعد سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کو بھی غلطی قرار دیا تھا . شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ ’ان دو غلطیوں کی وجہ سے ہمیں 80 نشستوں کا نقصان اٹھانا پڑا . ‘

. .

متعلقہ خبریں