اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی مزید سخت، فرضی مشق ملتوی


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ فرضی مشق بھی ملتوی کردی گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر خار دار تاروں کی تنصیب شروع کردی گئی ہے اور اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سینٹرل جیل اڈیالہ میں فرضی مشق ملتوی کردی گئی۔ فرضی مشق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کی جارہی تھی۔ فرضی مشق میں جیل عملے، پولیس سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لینا تھا۔
دوسری جانب جیل سے متصل اڈیالہ روڈ پر ناکے قائم کردئیے گئے ہیں اور جیل کے مرکزی دروازے پر ملاقاتوں پرپابندی کے بینر آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔ جیل سے متصل سڑک پر خاردار تاروں کی فینسنگ کا کام تیزکردیا گیا ہے جبکہ جیل کے باہر غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کو رکنے کی اجازت نہیں۔
جیل حکام کے مطابق میڈیا کی سیٹلائٹ گاڑیوں کو جیل سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر کھڑا ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔