رمضان کے بعد علی امین گنڈاپور کیلئے پریشانیاں شروع ہونگی، فیصل واوڈا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ رمضان کے بعد علی امین گنڈاپور کیلئے پریشانیاں شروع ہونگی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور مدت پوری نہیں کر پائیں گے۔
فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ہار جیت اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے، میں رکن قومی اسمبلی، وفاقی وزیر اور سینیٹر رہا ہوں، میں نے خود استعفیٰ دیا، کوئی استعفیٰ نہیں دلوا سکتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ میرے خیال سے یہ حکومت دو ڈھائی سال رہے گی، پاکستان کے انتخابات میں خرید و فروخت ہوتی ہے، میں نہیں کہہ سکتا کہ اس بار خرید و فروخت نہیں ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چاند پر حکومت بنائیں تو بہتر ہے، بانی پی ٹی آئی کو سمجھایا ان کو سمجھ نہیں آیا، اب بھی سمجھ نہیں آ رہا۔فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تین عہدے جب مجھے کم عمری میں مل سکتے ہیں تو تجویز کنندہ اور تائید کنندہ بھی مل سکتے ہیں، الیکشن میں اس لیے حصہ نہیں لیا کیونکہ حکومت کی مدت اتنی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی بانی پی ٹی آئی سے گزارش ہوگی کہ مولا جٹ کی سیاست چھوڑیں جمہوری راستہ نکالیں، 9 مئی میں ملوث ملزمان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مجھے سچ بات کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا تھا، میں پارٹی سے اس وقت نکلا جب پی ٹی آئی آسمان پر تھی، انہیں پتا ہونا چاہیے کہ میں نے اہل ہونے کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میں آصف زرداری سے ہزار دفعہ ملاقات کروں گا، مریم نواز بزدار ٹو ہیں۔