پولیس نے پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی داخل نہیں ہونے دیے، وکیل سردار عبدالرازق


لاہور (قدرت روزنامہ)چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا ہے کہ پولیس نے پی پی 32 گجرات میں ضمنی انتخابات کے لیے پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی داخل نہیں ہونے دیے۔
ایک بیان میں سردار عبدالرازق نے کہا کہ پی پی 32 ضمنی انتخابات کے لیے پرویز الہٰی کے کاغذات جمع کرانے تھے، پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی اور وکلاء ٹیم کو آر او آفس میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی چھیننے اور وکلاء ٹیم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، پرویز الہٰی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ کل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے، چیف الیکشن کمشنر واقعے کا نوٹس لیں۔چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرانے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔