گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے شہداء کی بےحرمتی کرنے والے حقیقی مجرم ہیں، پی ٹی آئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شہداء ہمارے ہیروز اور کسی سیاسی و گروہی تقسیم کے بغیر قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دفاعِ وطن کے فریضے کی انجام دہی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء کو اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنا کر ان کی بےحرمتی کرنے والے حقیقی مجرم ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ افواج اور اس کے شہداء پر حملے نوازشریف، اس کی بیٹی اور اس کے درباریوں کی روایت رہی ہے، خواجہ آصف اور عطا تارڑ ان مجرموں میں سے ہیں جنہیں عوام نے مسترد کیا تاہم مینڈیٹ پر کھلا ڈاکہ ڈال کر انہیں ایوان میں پہنچایا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اندر سے شہداء کی حرمت و حیثیت پر حملے خود ریاست کیلئے بڑا امتحان ہیں۔ غاصبِ اعظم اپنے وزیروں کو نکیل ڈالے اور شہداء کو اپنی سیاست کا ایندھن بناکر ان کے اہلِ خانہ اور قوم کے جذبات مجروح کرنے والوں سے باز پرس کرے۔