جنگلات میں آتشزدگی کے واقعے کو محض قدرتی آفت کہہ کر جان نہیں چھڑائی جاسکتی، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات دونوں ہمارے قومی اثاثے ہیں لہذا ضروری ہے کہ عوام جنگلات کی اہمیت اور جنگلی حیات کا تحفظ کے احساس کو اجاگر کیا جائے. اس سلسلے میں بارکھان کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے پر تمام متعلقہ ادارے کے اہلکار اور رضاکاران خراج تحسین کے مستحق ہیں. انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے اور دیگر قدرتی یا انسان آفات زلزلہ، سیلاب، طوفان یا وبا سے نمٹنے کیلئے طویل المدت منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ جنگلات میں آتشزدگی کے واقعہ کو محض آتشزدگی یا قدرتی آفت کہہ کر جان نہیں چھڑائی جا سکتی. حقیقت یہ ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اس ترقی یافتہ دور میں اس قسم کے حادثوں اور آفتوں کی پیشگی اطلاع دی جا سکتی ہے، ممکنہ مالی و جانی نقصانات سے بچنا بھی ممکن ہے اور آتشزدگی جیسے واقعات سے تحفظ کا دیرپا انتظام بھی کیا جا سکتا ہے. اس کے علاوہ عوامی سطح پر بھرپور شعور و آگہی کی مہم وقتا فوقتا چلانے کیلئے ذرائع ابلاغ سے مدد لی جا سکتی ہے. ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے تدابیر کو نصاب کا لازمی حصہ بنا کر ہی مثبت نتائج برآمد کیے جا سکتے ہیں۔