کوئٹہ، نوشکی اور چاغی سمیت پاک-ایران سرحدی علاقوں میں زلزلہ، شدت 5.4 ریکارڈ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نوشکی اور چاغی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق چمن، قلعہ عبداللہ، پشین اور دالبندین سمیت پاک-ایران سرحدی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 تھی، زلزلے کا مرکز کوئٹہ کے شمال مغرب میں 150 کلو میٹر دور تھا جبکہ گہرائی 35 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے، تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
قبل ازیں 13 مارچ کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ8 بج کر24 منٹ پر آیا، شدت 5.3 تھی، زلزلے کی گہرائی 130 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔
گزشتہ 10 فروری کو بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور، سوات، چارسدہ، چترال، دیر، مانسہرہ، ملاکنڈ، ہنگو، میرانشاہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹلے محسوس کیے گئے تھے، جس کے سبب عوام خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے تھے، علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی زیر زمین 142 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز ہندوکش ریجن میں تھا۔