ایلون مسک کا منشیات استعمال کرنے کا اعتراف


سان فرانسسكو(قدرت روزنامہ)دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شامل ایلون مسک نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کرلیا۔
الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا اور مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک نے ایک بیان میں کہا کہ منشیات کے استعمال نے ان کے کاروبار معاہدوں یا سرمایہ کاروں سے تعلقات کو متاثر کیا۔
ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایک وقت تھا کہ میرا ذہن ڈپریشن جیسی منفی کیفیت میں تھا۔ ایسے میں منشیات کے استعمال نے مجھے اس کیفیت سے نکلنے میں مدد دی۔ میں ہرہفتے کیٹامائن کی معمولی مقدار لیتا تھا۔ اگرآپ زیادہ مقدار میں کیٹا مائن لیں تو آپ کام کے قابل نہیں رہ سکتے اور مجھے بہت کام کرنا تھا۔
ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ میں شراب اور سگریٹ نہیں پیتا اور جو ادویات میں نے استعمال کیں وہ مستند ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق اور ان کی نگرانی میں استعمال کیں۔
ارب پتی شخصیت ایلون مسک کے بارے چند ہفتوں قبل انکشاف سامنے آیا تھا کہ وہ ڈپریشن کے خاتمے کے لیے کیٹامائن اور دیگر ادویات استعمال کرتے ہیں۔ ایلون مسک کی جانب سے منشیات کے استعمال پر ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے ارکان نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔