موبائل کی درآمدات میں 156 فیصد اضافہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں کوکنگ آئل کی پیداوار میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ جبکہ بناسپتی گھی کی پیداوارمیں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لے کرجنوری 2024 تک کی مدت میں ملک میں 367265 میٹرک ٹن کوکنگ آئل کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 22 فیصدزیادہ ہے جبکہ 877951 میٹرک ٹن بناسپتی گھی کی پیداوار ریکارڈ کی گئی ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.75 فیصدکم ہے۔
دوسری جانب موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 156 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے لے کر فروری 2024 تک کی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر1.148ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 156 فیصدزیادہ ہے۔
مزید برآں ادارہ شماریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے8 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 11 فیصد کمی ہوئی، جولائی 2023 سے فروری 2024 تک پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر 10.57 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہے، مزید برآں مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات پر 5.045 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصد زیادہ ہے۔