معروف پاکستانی فلم ڈائریکٹر نے نوشین شاہ کے 35 لاکھ روپے لُوٹ لیے


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور پاکستانی فلم ہدایتکار نبیل الرحمان لطفی اُن کے 35 لاکھ روپے لیکر فرار ہوگئے۔
حال ہی میں نوشین شاہ نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی ہدایتکار نبیل الرحمان لطفی کے فراڈ کے بارے میں میں انکشاف کیا۔
نوشین شاہ نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل پاکستانی فلم ’13’ کے ہدایتکار نبیل الرحمان لطفی نے مجھے کرپٹو میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کیا تھا جس کے لیے اُنہوں نے مجھ سے 20 لاکھ روپے کی بھاری رقم مانگی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے نبیل الرحمان لطفی کی زبان پر بھروسہ کرکے اُنہیں 20 لاکھ روپے کی رقم دے دی اور کچھ دن بعد اُنہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم کے لیے مجھ سے 15 لاکھ روپے اُدھار لیے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس طرح، میں نے نبیل الرحمان لطفی کو 35 لاکھ روپے کی رقم دستاویزی ثبوت کے بغیر دے دی تھی کیونکہ مجھے اُن کی زبان پر بھروسہ تھا لیکن اُنہوں نے مجھے دھوکا دیا اور میرے 35 لاکھ روپے لیکر فرار ہوگئے۔
نوشین شاہ نے کہا کہ نبیل اور اُن کی اہلیہ کئی مشہور شخصیات سے تقریباً 6 کروڑ روپے کی بھاری رقم لیکر فرار ہیں، اُن دونوں کے موبائل فونز بند ہیں اور دونوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی زبان پر بھروسہ کرکے رقم نہ دیں اور اگر آپ نے کسی کو رقم دینی ہے تو مناسب دستاویزات کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی بیوقوفی اور لاپرواہی کی وجہ سے لاکھوں کی رقم ڈبو دی، میں نہیں چاہتی کہ میری طرح دیگر لوگ بھی دھوکہ کھائیں۔