کیٹ مڈلٹن کے میڈیکل ریکارڈز تک پہنچنے کی کوشش


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے میڈیکل ریکارڈز تک پہنچنے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جس کلینک میں کیٹ مڈلٹن کے پیٹ کا آپریشن ہوا اس میں عملے کے ایک رکن نے برطانوی شہزادی کے پرائیوٹ میڈیکل ریکارڈز تک رسائی کی کوشش کی جس کے بعد اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوری میں ایک ملازم نے کیٹ مڈلٹن کا میڈیکل ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جس وقت وہ لندن کے اسپتال میں داخل تھیں۔
رپورٹس کے مطابق بعدازاں اسپتال کی انتظامیہ نے اس واقعے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد کیٹ مڈلٹن کے دفتر کینسنگٹن پیلس سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کے افراد کا علاج کرنے والے اس اسپتال میں یہ واقعہ ایک بہت بڑی خلاف ورزی تھا جسے اسپتال کے لیے ناقابل یقین حد تک نقصان دہ بھی کہا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپتال کا تمام طبی عملہ ان الزامات پر حیران اور پریشان رہ گیا ہے کہ اسپتال میں ہی موجود ان کا ایک ساتھی مبینہ طور پر اخلاقیات کی اس طرح کی خلاف ورزی کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ 42 سالہ کیٹ مڈلٹن کی 16 جنوری کو پیٹ کی سرجری ہوئی تھی۔