انوشکا شرما اور کوہلی بھارت چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہورہے ہیں؟ پوسٹ وائرل


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما اور اُن کے شوہر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے حوالے سے یہ خبر زیرِ گردش ہے کہ یہ جوڑی اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد ہمیشہ کے لیے برطانیہ منتقل ہونے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
رواں سال 15 فروری کو انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے اپنے بیٹے کو دُنیا میں خوش آمدید کہا، ان کے بیٹے کی پیدائش لندن میں ہوئی جس کے بعد سے یہ خاندان برطانیہ میں ہی اپنی رہائش گاہ پر مقیم ہے، تاہم ویرات کوہلی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے لیے حال ہی میں بھارت واپس آئے ہیں۔
ویرات کوہلی کے اکیلے بھارت آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس جوڑی سے متعلق کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انوشکا شرما اور کوہلی اپنے دونوں بچوں کے ساتھ ہمیشہ کے لیے برطانیہ منتقل ہونے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اسی وجہ کرکٹر اکیلے ہی بھارت آئے ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ ویرات کوہلی صرف آئی پی ایل کے لیے بھارت آئے ہیں لیکن وہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد مستقل طور پر برطانیہ منتقل ہوسکتے ہیں۔
پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ اگر آپ کے پاس پیسہ ہے تو برطانیہ میں زندگی بہت پُرامن ہے، کچھ رقم دے کر شہریت آسانی سے مل جاتی ہے اور سب سے بڑھ کر انوشکا اور کوہلی اپنے دونوں بچوں کے لیے پرائیویسی جو چاہتے ہیں وہ برطانیہ میں رہتے ہوئے اُنہیں آسانی سے مل جائے گی۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے برطانیہ منتقل ہونے سے متعلق خبر بھارتی میڈیا کی جانب سے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جارہی ہے لیکن ابھی تک اس جوڑی کی جانب سے اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اسٹار جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا تھا۔
اس جوڑی نے رواں سال 20 فروری کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا تھا، انوشکا اور ویرات کوہلی نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ ہم محبت بھرے دل کے ساتھ آپ کو یہ خوشخبری سُنا رہے ہیں کہ 15 فروری کو وامیکا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام ہم نے ‘اکے’ رکھا ہے۔