کراچی: سوتیلے باپ نے 8 سالہ بچی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لانڈھی میں سوتیلے باپ نے 8 سالہ بچی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی جب کہ پولیس ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں سوتیلے باپ نے 16 فروری کو 8 سالہ وانیہ پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔
پولیس کے مطابق بچی کی والدہ نے شوہر کے خوف کی وجہ سے پولیس سے معاملے کو چھپایا اور علاج کراتی رہی۔
مالک مکان نے بتایا کہ یہ خاندان ایک سال سے کرائے پر رہائش پذیر تھا لیکن میاں بیوی میں روز کے لڑائی جھگڑے ہوتے تھے جس کی وجہ سے انہیں گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا تھا، جس دن واقعہ ہوا، گھر کے تمام مرد کام پر تھے، گھر میں صرف خواتین تھیں۔
بچی کی والدہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ 2 سال قبل ایک بیٹے کے باپ طارق سے دوسری شادی کی تھی، سوتیلے باپ کے ظلم کا شکار بچی خاتون کے پہلے شوہر امجد سے ہے، اب موجودہ شوہر طارق مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔۔
پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم طارق کی تلاش شروع کردی ہے۔