فیڈریشن میں بلوچستان کی حیثیت کالونی کی ہے، بلوچ نوجوانوں کی زندگی بہت مختصر ہوگئی، این ڈی پی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کیچ زون کا پہلا جنرل باڈی اجلاس، پارٹی کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر سلمان بلوچ نے بطور مہمان خاص شرکت کیا۔ اجلاس میں تعارفی نشست، تنظیمی امور، عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ اجلاس کا آغاز شہداءکے احترام میں چند لمحوں کی خاموشی سے کیا گیا جبکہ تعارفی نشست کے بعد دیگر ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے متعدد فیصلے لیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان بلوچ نے کہا کہ بلوچ قومی شناخت کے تقدس اور اس سر زمین پر بلوچوں کی حق حاکمیت کی جدوجہد میں اہالیاں کیچ اور اس ریجن کا نمایاں کردار رہا ہے، جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں سے متعدد شخصیات نے اپنے شعوری و نظریاتی فیصلوں کی چھاپ سے جہد مسلسل کا حصہ بن کر بلوچ قومی تحریک کی آبیاری کی ہے۔ این ڈی پی کیچ زون کی بنیاد اس امید اور بھروسے پر قائم کیا جا رہا ہے کہ تاریخ کو دہراتے ہوئے بلوچی قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ حالیہ فیڈریشن میں بلوچستان کی حیثیت ایک کالونی کی ہے جہاں کے انسانوں کے بجائے وہاں کی زمین، زمین کے اندر کی معدنیات اور وہاں کا ساحل اہمیت کا حامل ہے۔ بلوچ نوجوانوں کی زندگی بہت مختصر ہوگئی ہے جن کی اموات کی شرح میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ آج کا بلوچ نوجوان ایک جنگ زدہ علاقے میں رہ کر نفسیاتی طور پر بیمار ریاستی جبر کا شکار بھی ہوتا ہے، خودکشی کی موت بھی وہی منتخب کرتا ہے، روڈ کے حادثات میں جان بھی گنوا بیٹھتا ہے، کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر موت کو گلے بھی لگاتا یے۔ ہر روز اپنے کسی پیارے کو جبری گمشدہ دیکھتا ہے یا پھر اسکی لاش وصول کرتا ہے۔ ایسے حالات میں بھی اگر آج کا جوان قومی جمود کو قبول کرتا ہے اور غیر سیاسی ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس اندھیرے میں وہ صرف خود کو قید نہیں کرتا بلکہ اجتماعی طور پر قومی مفادات کو بھی اس اندھیرے میں دھکیل رہا ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آج کا نوجوان شعوری طور پر اس جمود کو توڑنے کے لئے ترقی کے سفر میں شامل ہو اور قومی بیداری کے لئے جدوجہد کرے۔ اجلاس کے آخری ایجنڈے میں تنظیمی امور کے حوالے سے لیے گئے فیصلوں کو حتمی شکل دے کر آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی جس کے تحت فرمان بلوچ بطور زونل آرگنائزر، نعمان بلوچ بطور ڈپٹی آرگنائزر، زکریا بلوچ، معراج بلوچ اور نجیب بلوچ بطور آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر منتخب ہوئے۔