کوچز کے معاملے میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا


کراچی(قدرت روزنامہ)کوچز کے معاملے میں بھی ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا جب کہ سربراہ غیرملکی دیگر پاکستانی ہوں گے۔
دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بدترین شکستوں کے بعد بورڈ نے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو فارغ کر دیا تھا، اب نئے کوچ کی تلاش جاری ہے، اس حوالے سے ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہوگا، چیئرمین محسن نقوی غیرملکی ہیڈ کوچ کا تقرر چاہتے ہیں، البتہ اس کے معاونین پاکستانی ہی ہوں گے۔
پی سی بی کو کوچ کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے، سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن کے ساتھ 2 ملین ڈالرز سالانہ پر معاملات طے ہوتے دکھائی دے رہے تھے، مگر محسن نقوی کے مطابق تفصیلات میڈیا پر آنے سے ڈیل فائنل نہیں ہو سکی۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ نے سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور سے بھی رابطہ کیا مگر انھوں نے انکار کر دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے والے مائیک ہیسن نے بھی دلچسپی نہیں دکھائی، ڈیرن سیمی کا ویسٹ انڈین بورڈ کے ساتھ معاہدہ ہے لہذا وہ دستیاب نہ تھے، سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن کیٹچ بھی معذرت کرنے والوں میں شامل ہیں، جسٹن لینگر سے بھی بات چیت ہوئی مگر تاحال مثبت جواب نہیں ملا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حکام اپنے سابق اسٹارز کو ٹاپ پوزیشن پر نہیں لانا چاہتے، انگلینڈ میں مقیم اظہر محمود اور ثقلین مشتاق کے قریبی ذرائع نے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کر دی، ماضی میں ٹیم کے ساتھ منسلک رہنے والے میتھیو ہیڈن سے بھی بورڈ کی بات ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بیشتر کوچز آئی پی ایل میں مصروفیت کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، اس کے باوجود بورڈ آئندہ ہفتے کسی مثبت پیش رفت کے حوالے سے پْرامید ہے۔