بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی شادی کی خبریں سرگرم
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت سے متعلق یہ خبر گردش کررہی ہے کہ وہ اگلے چند ماہ میں شادی کرنے والی ہیں لیکن اُنہوں نے اس خبر کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ریڈٹ (Reddit) پر ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں کنگنا رناوت سے متعلق اہم انکشاف کیا لیکن بعد میں صارف کی جانب سے اُس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ پوسٹ میں صارف نے کنگنا رناوت کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں اور اُنہوں نے اپنی شادی کے جوڑے کے لیے ڈیزائنرر سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
صارف کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت اپنی شادی کے دن ساڑھی زیب تن کریں گی جس کے لیے اُنہوں نے بھارتی فیشن انڈسٹری کے انتہائی غیر معمولی فیشن ڈیزائنرز کا انتخاب کیا ہے، اداکارہ کے ملبوسات تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔
صارف کی جانب سے کنگنا رناوت کے دولہے میاں کے بارے میں کسی بھی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی جبکہ یہ پوسٹ جیسے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی تو صارف نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں کنگنا رناوت نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے کہ اُس کی شادی ہو، اُس کی اپنی فیملی ہو اور ہر لڑکی کی طرح، وہ بھی دلہن بننے کا خواب دیکھتی ہیں۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ وہ شادی کرکے اپنی فیملی بننا چاہتی ہیں کیونکہ وہ ایک خاندانی لڑکی ہیں اور اُن کے لیے رشتے بہت اہم ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ اگلے پانچ سے پہلے شادی کرلیں گی اور اُنہیں اس بات سے بہت زیادہ خوشی ہوگی اگر اُن کی شادی ارینج اور محبت کی ہو۔